Novel Summary and Details
ناول : دھیمی آنچ پر زندگی
مصنفہ: نسیم ارشد
اشاعت: خواتین ڈائجسٹ جولائی 2026
صفحات: 28 ، مکمل ناول
ناول کی صنف: After Marriage, Family Based Story
شادی کے بعد کی گھریلو زندگی پر مبنی یہ کہانی روزمرہ مسائل اور محدود وسائل اور گھر کے اخراجات کو سمجھداری سے چلانے کے گرد گھومتی ہے ، ایک عام گھرانے کی زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کس طرح سے ایک بڑا فرق پیدا کرسکتی ہیں، یہ ناول اس ایشو کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کرتا ہے۔😊
ہانیہ ایک گھریلو خاتون ہے جس کے لئے بڑھتی ہوئی مہنگائی میں گھر کا نظام چلانا انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے, آمدنی محدود ہو تو ضروریات پوری کرنا ، اخراجات میں توازن رکھنا اور کچھ رقم مستقبل کے لئے بچانا ایک بڑا امتحان بن جاتا ہے۔
ہانیہ کی زندگی میں تبدیلی اس وقت آتی ہے جب اس کی زندگی میں کوثر اس کے گھر کام کرنے آتی ہے۔کوثر کی باتیں اور زندگی کو دیکھنے کا انداز ہانیہ کو اپنے حالات پر نئے سرے سے غور کرنے پر آمادہ کرتا ہے ۔ وہ آہستہ آہستہ پیسوں کے بہتر استعمال، غیر ضروری خرچ کم کرنے اور بچت کی اہمیت کو سمجھنے لگتی ہے۔👌
اس کہانی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صرف گھریلو پریشانیوں کا ذکر ہی نہیں بلکہ بجٹ ترتیب دینے اور دستیاب آمدنی میں گھر چلانے کے مفید طریقوں کی طرف بھی توجہ دلائی گئی ہے ۔
آخر کوثر کی کون سی باتیں ہانیہ کی سوچ بدل دیتی ہیں ؟ کہ وہ اپنے گھریلو معاملات کو بہتر انداز میں سنبھالنے کے لیے کیا قدم اٹھاتی ہے ؟ یہ جاننے کے لیے ناول کو مکمل پڑھیے۔۔
اس کا اختتام مثبت اور خوشگوار ہے ، ہلکی پھلکی سی آفٹر میرج سٹوری ہے جو آج کل ہر گھر کے ہی مسائل پر مبنی نظر آتی ہے۔🥰
ناول ” دھیمی آنچ پر زندگی” پر میری رائے۔۔
کردار،
ہانیہ: کہانی کی مرکزی کردار ہانیہ ہے جو ایک گھریلو خاتون ہے جو کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں گھر کے نظام کو چلانے کی کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وہ اکثر پریشانی کا شکار رہتی ہے۔لیکن آہستہ آہستہ وہ اپنی سوچ بدلتی ہے اور بہتر منصوبہ بندی کی اہمیت کو سمجھ کر عملی قدم اٹھاتی ہے ، اس کا کردار ہر اس عورت کی عکاسی کرتا ہے جو آج کل کے دور میں گھر کے اخراجات کا بوجھ اٹھاتی ہے
کوثر: ہانیہ کے گھر کام کرنے آنے والی خاتون کوثر ہے ،جو کہانی میں تبدیلی لانے کا باعث بنتی ہے ، وہ پڑھیں لکھی نہ سہی لیکن زندگی کے تجربے سے حاصل ہونے والی دانائی رکھتی ہے ،اس کی باتیں اور زندگی کو دیکھنے کا انداز ہانیہ کو اپنے حالات پر نئے سرے سے غور پر مجبور کرتا ہے ، یہ کردار ثابت کرتا ہے کہ سمجھداری کسی خاص طبقے یا تعلیم کی محتاج نہیں ہوتی ہے۔
کرداروں میں ان کے علاوہ ہانیہ کے شوہر اور بچوں کے کردار بھی شامل ہیں ۔
تبصرہ:
“دھیمی آنچ پر زندگی” ایک سادہ بامقصد اور گھریلو کہانی ہے جو آج کے دور کے ایک بڑے مسئلے یعنی مہنگائی اور محدود آمدنی میں گھر چلانے کو موضوع بناتی ہے۔
مصنفہ نسیم ارشد نے کسی بڑے ڈرامے اور الجھے ہوئے پلاٹ کا سہارا نہیں لیا ، بلکہ روزمرہ زندگی کے وہ مسائل بیان کئے ہیں جن سے ہر متوسط گھرانہ گزرتا ہے ۔یہی سادگی اس کہانی کی سب سے بڑی خوبی ہے ، کیونکہ قاری خود کو کرداروں کے قریب محسوس کرتا ہے۔
کہانی کا عنوان بھی معنی خیز ہے ، جس طرح دھیمی آنچ پر پکا ہوا کھانا مزیدار اور پائیدار ہوتا ہے ، اسی طرح صبر ، منصوبہ بندی اور سمجھداری سے گزاری گئی زندگی بھی سکون دیتی ہے ۔ مصنفہ نے یہ پیغام نصیحتوں کے بوجھ کے بغیر کہانی کے بہاؤ میں پرو دیا ہے۔
اس ناول کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صرف پریشانیوں کا رونا نہیں رویا گیا ، بلکہ ان کا عملی حل بھی بتایا گیا ہے ۔ بجٹ بنانا غیر ضروری اخراجات کم کرنا اور مستقبل کے لیے کچھ اخراجات بچانا جیسے مفید نکات کہانی کا حصہ بن کر سامنے آتے ہیں ۔اس لیئے یہ تحریر تفریح کے ساتھ راہنمائی کا کام بھی کرتی ہے ۔
28 صفحات کی مختصر تحریر ہونے کے باوجود اس میں کرداروں کی تبدیلی واضح طور پر نظر آتی ہے ، زبان آسان اور عام فہم ہے جو گھریلو خواتین کے مزاج کے عین مطابق ہے ۔اختتام مثبت اور حوصلہ افزا ہے جو قاری کو اطمینان کے ساتھ یہ احساس دیتا ہے کہ چھوٹے چھوٹے دانشمندانہ فیصلے بھی آپکی زندگی کو آسان بنا سکتے ہیں ۔
آخری بات؛
مجموعی طور پر یہ ناول ایک سبق آموز اور پڑھنے کے لائق کہانی ہے ۔۔ایک پر تاثر اور مختلف کہانی پڑھئے ضرور 🤗









