ناول کی تفصیل؛
ناول کا نام: زندگی کی خوبصورتی
مصنفہ؛ نسیم ارشد
اشاعت؛ خواتین ڈائجسٹ فروری 2022
صفحات: 44 مکمل اردو ناول
خلاصہ؛
سادہ سی گھریلو فیملی سٹوری ہے۔
ہیروئن کا نام مناہل ہے جس کا تعلق ایک گاؤں سے ہے ،ملازمت کرتی ہے اس لئے شہر کے ایک ہاسٹل میں رہتی ہے ایک سنجیدہ مزاج لڑکی ہے پروقار طبیعت کی مالک ہے۔
کہانی کا ہیرو یاور ہے جو مناہل کے ساتھ ہی جاب کرتا ہے دونوں کولیگ ہیں ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے ہیں،لیکن کہانی میں اہم موڑ تب آتاہے جب مناہل کی ہاسٹل روم میٹ بھی یاور کو پسند کرنے لگتی ہے اور وہ مناہل کے بارے میں ہیرو کے دل میں کافی غلط فہمیاں ڈالنے کی کوششیں شروع کر دیتی ہے ،یہی غلط فہمیاں رشتوں میں دوریاں اور دلوں میں فاصلے پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں،
آگے دیکھیے کیا ہوتا ہے یاور اور مناہل کے درمیان جو دیوار اس جیروم میٹ کی وجہ سے بننا شروع ہوئی وہ کیسے گرتی ہے اور ان دونوں کے آپس کا رشتہ کیسے بہتر ہوتا ہے یہ جاننے کے لئے ناول ضرور پڑھیے،
Happy Ending 🥰 کے ساتھ یہ ناول مکمل ہوتا ہے۔
کرداروں کے بارے میں مختصر تعارف ۔۔
مناہل: گاؤں کی پروردہ سنجیدہ مزاج نائس گرل ، صبر اور وقار اس کی پہچان، اپنے اوپر الزامات لگنے کے بعد بھی شور مچانے کے بجائے برداشت کا راستہ چنتی ہے۔
یاور: کہانی کا ہیرو ایک اچھا نیک سیرت نوجوان ، لیکن دوسروں کی باتوں میں اپنے لئے مسئلے پیدا کر لیتا ہے۔
مناہل کی روم میٹ؛ ایک حسد کی ماری لڑکی ، جس کی چال کہانی میں غلط فہمیاں پیدا کر دیتی ہے ایک نیگیٹو کیریکٹر کی مالک۔
زندگی کی خوبصورتی پر میرا تبصرہ؛
کچھ کہانیاں شور مچائے بغیر بھی دل میں گھر کر جاتی ہیں نسیم ارشد کا یہ ناول بھی ان ہی میں سے ایک ہے ، خواتین ڈائجسٹ فروری 2022 میں چھپنے والا یہ ناول بڑے دعوؤں کے بجائے روزمرّہ زندگی کے چھوٹے چھوٹے احساسات پر کھڑا ہے ، یہی سادگی اس کی اصل طاقت ہے۔
مصنفہ نے ایک ایسی لڑکی کو کہانی کا مرکز بنایا ہے جو اپنے خاموش مزاج اور باوقار رویے کے ساتھ اجنبی شہر میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔دفتر اور رہائش کی مصروف فضا میں اس کی تنہائی اور خوداری قاری کو اپنی طرف متوجہ کرلیتی ہے ، کہانی کا بنیادی نقطہ یہ ہے کہ جب کوئی شخص اپنی صفائی پیش کرنے کے بجائے چپ رہنا پسند کرے تو دنیا اکثر اسی چپ کو اس کے خلاف دلیل بنا لیتی ہے ۔حسد کی چنگاری کس طرح دو دلوں کے درمیان بدگمانی کی دیوار کھڑی کر دیتی ہے ، اسکو مصنفہ نے بڑی نرمی سے نبھایا ہے ، کوئی بے جا ڈرامائی موڑ یا مصنوعی شور نہیں، بس رویوں کی باریکیاں ہیں جو کہانی کو حقیقت کے قریب رکھتی ہیں ۔
کہانی کا اسلوب رواں اور سادگی سے بھرپور ہے ، مکالمے فطری ہیں اور جزبات میں مبالغہ نہیں ، رفتار قدرے دھیمی ضرور ہے ،مگر یہ دھیما پن کہانی کے مزاج سے میل کھاتا ہے اور پڑھنے والے کو کرداروں کے ساتھ ٹھر کر سوچنے کا موقع دیتا ہے ، البتہ جو قاری تیز رفتار اور پیچیدہ پلاٹ پڑھنے کے شوقین ہیں انہیں یہ کہانی شاید سادہ سی ہی لگے ۔
ناول کا پیغام واضح اور بوجھل نہیں ہے، سچائی کو وقت چاہیے ہوتا ہے اور صبرو خلوص دیر سے سہی لیکن اپنا اثر دکھاتا ضرور ہے، کہانی کا انجام پڑھنے والے کو مطمئن کر دیتا ہے اور یہ احساس چھوڑ جاتا ہے کہ بھروسا رشتوں کی اصل بنیاد ہوتا ہے ۔۔
مجموعی طور پر یہ ایک صاف ستھری، گھریلو اور مثبت سوچ رکھنے والی سادہ سی کہانی ہے جو ڈائجسٹ کی کہانیاں پڑھنے والے کو تو بہت پسند آئے گی ، سکون بھری نرم لہجے کی تحریر پڑھنے کے لائق کہانی ہے ،ایک اچھا انتخاب 💞









